, ,

نوجوانوں میں کاروباری سوچ اور جدت کا فروغ ملکی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، بلال اظہر کیانی

اسلام آباد (نوائے ٹیکسلا نیوز) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیرِ اہتمام گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک 2026 کی اختتامی تقریب اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں حکومتی عہدیداران، کاروباری شخصیات، صنعتکاروں، نوجوان کاروباری افراد، ماہرینِ تعلیم اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نوجوانوں میں کاروباری رجحانات، جدت طرازی، خود روزگاری اور معاشی ترقی میں فعال کردار کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فیتہ کاٹ کر تقریب کا افتتاح کیا۔ انہوں نے نوجوانوں میں کاروباری سوچ، جدت اور خود روزگاری کے فروغ کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کی وزارت اس سلسلے میں چیمبر کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے اپنے خطاب میں راولپنڈی چیمبر کے ان اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا جن کا مقصد جامعات اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو کامیاب کاروباری شخصیات اور صنعتی اداروں کے ساتھ براہِ راست رابطے کے مواقع فراہم کرنے سے انہیں کاروبار کے عملی تقاضوں، چیلنجز اور ضروریات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔آر سی سی آئی کے سرپرستِ اعلیٰ سہیل الطاف اور صدر نوشیروان خلیل خان نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں ملکی معاشی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے چیمبر کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔صدر راولپنڈی چیمبر نوشیروان خلیل خان نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے بھرپور محنت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کے لیے محنت، نظم و ضبط، عزم، مستقل مزاجی اور مسلسل سیکھنے کا جذبہ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ ناکامی سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اسے کامیابی کی جانب ایک اہم قدم اور سیکھنے کا ذریعہ سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، زراعت اور جدت طرازی سمیت مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کو مناسب رہنمائی، سرمایہ کاری کے مواقع، مالی معاونت اور منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کی جائے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو عملی کامیابی میں تبدیل کیا جا سکے۔
گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک 2026 کے سلسلے میں راولپنڈی چیمبر نے بحریہ یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (NUMS)، ٹی ایم یو سی روٹس، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے اشتراک سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو اپنے کاروباری منصوبے اور آئیڈیاز پیش کرنے، ابھرتے ہوئے کاروباری مواقع سے آگاہی حاصل کرنے اور صنعتی و کاروباری شعبے سے وابستہ ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کا موقع ملا۔صدر آر سی سی آئی نوشیروان خلیل خان نے تقریب اور ہفتہ بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں کی کامیابی میں تعاون کرنے والی تمام جامعات، شراکت دار اداروں، اسپانسرز اور آرگنائزنگ ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص ایونٹ چیئرمین قاضی محمد احسن اور وائس چیئرمین فیضان رفیق کی محنت، لگن اور انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں نے اس اہم اقدام کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔تقریب میں اس امر پر زور دیا گیا کہ نوجوانوں کو کاروباری مواقع، جدید مہارتوں اور عملی رہنمائی سے آراستہ کرکے نہ صرف خود روزگاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ ملکی معیشت میں بھی نئی توانائی پیدا کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں