لاہور (نوائے ٹیکسلا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) اور بی ٹو بی میڈیا کے اشتراک سے تین روزہ گرین پاکستان ایکسپو 2026 کا ایکسپو سینٹر لاہور میں شاندار آغاز ہو گیا۔ نمائش کا مقصد ماحول دوست ٹیکنالوجی، جدید ویسٹ مینجمنٹ، ری سائیکلنگ اور پائیدار ترقی کے حوالے سے نئی جدتوں اور اقدامات کو اجاگر کرنا ہے۔ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر علی ڈار نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ کمشنر لاہور محمد جہانزیب اعوان، ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب عمر جاوید اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریار عارف خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔گرین پاکستان ایکسپو میں 12 مختلف کیٹیگریز کے تحت 60 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں، جہاں ویسٹ ری سائیکلنگ، گرین ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی، الیکٹرک وہیکلز اور جدید ویسٹ مینجمنٹ ٹیکنالوجی کی نمائش کی جا رہی ہے۔ ان اسٹالز کے ذریعے ماحول کے تحفظ، وسائل کے مؤثر استعمال اور شہری صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے مختلف طریقوں کو پیش کیا جا رہا ہے۔ایکسپو میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے روایتی ویسٹ مینجمنٹ کے دائرہ کار سے آگے بڑھتے ہوئے جدید اور ماحول دوست نظام کی طرف منتقلی کو نمایاں کیا گیا ہے۔ کمپنی ویسٹ ٹو ویلیو کے تصور، مصنوعی ذہانت کے استعمال، ایندھن کی بچت اور ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کے ذریعے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور پائیدار بنانے کی جانب گامزن ہے۔نمائش میں اس امر کو بھی اجاگر کیا گیا کہ ستھرا پنجاب کا دائرہ کار محض کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے تک محدود نہیں، بلکہ اب ویسٹ ٹو ویلیو کے تصور کے تحت کوڑے کو قابلِ استعمال وسائل میں تبدیل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں کوڑے سے توانائی اور بائیو گیس کی تیاری کو آئندہ اہداف میں شامل کیا گیا ہے، جو ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔گرین پاکستان ایکسپو 2026 جدید ٹیکنالوجی، ماحول دوست حل اور ویسٹ مینجمنٹ کے نئے تصورات کو ایک پلیٹ فارم پر متعارف کرانے کا اہم موقع فراہم کر رہی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے صاف ستھرے ماحول کے قیام، قدرتی وسائل کے بہتر استعمال اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ پائیدار نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

ہائی ٹیک کے 20 سال مکمل، بانی جنرل اسرار احمد گھمن اور پہلے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر محمود بشیر باجوہ کے ساتھ طالبات کی یادگار ملاقات
ٹیکسلا (نوائے ٹیکسلا نیوز) ہائی ٹیک کے قیام کے 20 سال مکمل ہونے پر ایچ آئی ٹی ای سی اسکول اینڈ کالج فار گرلز…
مزید پڑھیے ←






