, ,

لوک میلہ 2026ء کی تیاریاں آخری مراحل میں، پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر کا لوک ورثہ کا دورہ

اسلام آباد (نوائے ٹیکسلا نیوز) پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ثقافت و ورثہ محترمہ فرح ناز اکبر نے لوک میلہ 2026ء کے باقاعدہ افتتاح سے قبل لوک ورثہ اسلام آباد کا دورہ کیا اور میلے کے سلسلے میں جاری تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران پارلیمانی سیکرٹری نے مختلف ثقافتی پویلینز کا معائنہ کیا اور وہاں پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت، روایات، دستکاری، فنون اور علاقائی ورثے کی نمائندگی کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے میلے کے انعقاد کے حوالے سے مختلف انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر فرح ناز اکبر کے دورے کو پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی ورثے کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت کے تناظر میں اہم قرار دیا گیا۔ لوک میلہ ملک کے مختلف خطوں کی ثقافت، روایتی فنون، دستکاری اور تہذیبی رنگوں کو ایک پلیٹ فارم پر پیش کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے، جہاں عوام کو پاکستان کی متنوع ثقافتی شناخت سے روشناس ہونے کا موقع ملتا ہے۔رواں سال لوک میلہ 27 نومبر سے 6 دسمبر 2026ء تک لوک ورثہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ میلے کے اوقات صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، جس کے دوران شہری اور سیاح مختلف ثقافتی پویلینز کا دورہ کرکے پاکستان کی علاقائی روایات اور ثقافتی رنگوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔اس سال لوک میلے کا موضوع ’’نقوشِ وطن: ہمارا ورثہ، ہمارا مستقبل‘‘ رکھا گیا ہے، جو قومی ثقافتی شناخت، تاریخی روایات کے تحفظ اور انہیں آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
لوک میلہ پاکستان کے ثقافتی تنوع، علاقائی روایات اور روایتی فنون کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ثقافتی ورثے کی اہمیت کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ فرح ناز اکبر کا دورہ اسی قومی ورثے کو محفوظ رکھنے، اس کی ترویج اور عوام تک پہنچانے کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں