ٹیکسلا (نوائے ٹیکسلا نیوز)ایچ آئی ٹی ای سی مارگلہ اسکول جونیئر کیمپس کی طالبات نے بین المدارس پوسٹر سازی کے مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ادارے کا نام روشن کر دیا۔ ایچ آئی ٹی ای سی جونیئر اسکول میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں اسکول کی کم عمر طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں، فنکارانہ مہارت اور منفرد اندازِ اظہار کا مظاہرہ کیا۔مقابلے میں ایچ آئی ٹی ای سی مارگلہ اسکول جونیئر کیمپس کی جماعت سوم کی طالبہ عائشہ حفیظ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ جماعت پنجم کی طالبہ طیبہ قیوم تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ دونوں طالبات نے اپنے خوبصورت اور تخلیقی پوسٹرز کے ذریعے حاضرین کی توجہ حاصل کی اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔

اس موقع پر طالبات نے غیر معمولی جوش و جذبے، اعتماد اور محنت کا مظاہرہ کیا۔ ان کی کامیابی کو اسکول کے لیے باعثِ فخر قرار دیا گیا، جبکہ اساتذہ کی رہنمائی اور طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔اسکول انتظامیہ نے کامیاب طالبات اور ان کی اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی غیر نصابی سرگرمیاں بچوں میں تخیل، تخلیقی سوچ، خود اعتمادی اور فنونِ لطیفہ سے دلچسپی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پوسٹر سازی جیسے مقابلے طلباء کو اپنی سوچ اور خیالات کو رنگوں اور تصاویر کے ذریعے مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلباء کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اسکول کی جانب سے دونوں کامیاب طالبات کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں اور روشن تعلیمی و تخلیقی سفر کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔








