اٹک (ڈسٹرکٹ رپورٹر )صدر پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب ملک تیمور مسعود اکبر نے ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے اسیرانِ جمہوریت سے ملاقات کی اور جیل سے رہائی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی سیاسی جدوجہد، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ملاقات کی میزبانی ضلعی صدر اٹک قاضی احمد اکبر اور ضلعی جنرل سیکرٹری ملک عاصر سدرال نے کی۔ملاقات کے دوران ملک تیمور مسعود اکبر نے رہائی پانے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرتے ہوئے اپنے سیاسی نظریے اور قائد عمران خان کے ساتھ وابستگی کو برقرار رکھا، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کارکنوں کی ثابت قدمی، حوصلے اور سیاسی جدوجہد میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے رہائی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے ابراہیم خان، شیر بہادر خان، قاری اسامہ، حافظ حسن معاویہ، شاہ زیب، محمد تیمور، بابو حنیف، لیاقت خان، نادر خان، عبدالرحمٰن، محمد ناصر محمد اور احمد دین شریک تھے، جنہیں رہائی کے بعد پارٹی قیادت اور ساتھیوں کی جانب سے مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر سابق امیدوار برائے ایم پی اے ملک جمشید،سابق امیدوار برائے ایم پی اے سعد علی خان اور سابق امیدوار ایم پی اے چوہدری نذیر بھی موجود تھے۔ شمالی پنجاب کے پارٹی عہدیداران سردار منصور عباسی، حسنین سمبل، ملک یاسر پتوالی، ملک عظیم، سجاد بٹ اور مسلم شہزاد سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔اجتماع میں ضلعی جنرل سیکرٹری راولپنڈی خان عاقل اور انصاف لائرز فورم ضلع راولپنڈی کے صدر نبیل ستی بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران رہائی پانے والے کارکنوں کی سیاسی جدوجہد، ان کے حوصلے اور پارٹی کے ساتھ وابستگی کو سراہا گیا جبکہ ملک تیمور مسعود اکبر نے انہیں رہائی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی قربانیوں اور استقامت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔








