, ,

پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، نعیم اشرف

میرا برانڈ پاکستان ایکسپو میں راولپنڈی چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز کی قیادت و ٹیم کی شرکت پر اظہارِ تشکر، مقامی کاروبار کی حوصلہ افزائی قومی معیشت کے استحکام کا ذریعہ ہے

اسلام آباد ( نمائندہ نوائے ٹیکسلا ) انجمن تاجران واہ کینٹ کے چیئرمین نعیم اشرف نے پاکستانی مصنوعات کے فروغ، مقامی کاروبار کی حوصلہ افزائی اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مصنوعات کو ترجیح دینا اور مقامی صنعت و تجارت کی سرپرستی کرنا قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اپنے ایک بیان میں نعیم اشرف نے چھٹی ’’میرا برانڈ پاکستان ایکسپو‘‘ میں شرکت پر راولپنڈی چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز (RCSTSI) کے گروپ لیڈر شاہد غفور پراچہ، صدر رانا خرم اور ان کی پوری ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں ان کی آمد اور شرکت پاکستانی مصنوعات کے فروغ اور مقامی کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کا باعث بنی۔انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشیں پاکستانی صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری افراد اور مصنوعات تیار کرنے والوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے، نئی کاروباری راہیں تلاش کرنے اور اپنی مصنوعات کو وسیع تر مارکیٹ تک متعارف کرانے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ کاروباری تنظیموں اور تجارتی رہنماؤں کی ایسی سرگرمیوں میں شرکت سے مقامی صنعت و تجارت کو تقویت ملتی ہے اور کاروباری برادری میں باہمی تعاون کا جذبہ فروغ پاتا ہے۔

نعیم اشرف نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی خریداری اور استعمال کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ مقامی مصنوعات کی سرپرستی سے ملکی صنعتوں کو استحکام، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تاجروں، صنعتکاروں، تجارتی تنظیموں اور عوام کو مل کر ملکی مصنوعات کی تشہیر اور ان کے معیار و مسابقت کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ’’پاکستانی مصنوعات اپنائیں، پاکستان کو مضبوط بنائیں‘‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ملکی معیشت کی بہتری، مقامی صنعتوں کی ترقی اور کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اجتماعی پیغام ہے۔ انہوں نے میرا برانڈ پاکستان ایکسپو میں شرکت کرنے والی تمام شخصیات اور تنظیموں کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی پاکستانی مصنوعات کے فروغ اور مقامی کاروبار کی ترقی کے لیے ایسی مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔

متعلقہ خبریں