,

ڈاکٹر سید اسد علی کو وزیر صحت پنجاب کی جانب سے گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا,

ڈاکٹر شاہد نواز ملک سمیت طبی و سماجی شخصیات کی مبارک باد، اعزاز کو طبی خدمات کا اعتراف قرار دیا گیا

ٹیکسلا( نمائندہ نوائے ٹیکسلا) پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز (PAFP) واہ کینٹ، ٹیکسلا اور حسن ابدال چیپٹر کے صدر اور السید ہسپتال احاطہ ٹیکسلا کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید اسد علی کو وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی جانب سے گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ انہیں یہ اعزاز طبی شعبے میں خدمات اور پیشہ ورانہ وابستگی کے اعتراف میں دیا گیا۔اس موقع پر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے مرکزی صدر ڈاکٹر طارق محمود میاں بھی موجود تھے، جبکہ PAFP ٹیکسلا، واہ کینٹ اور حسن ابدال کے پیٹرن اِن چیف ڈاکٹر شاہد نواز ملک نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ڈاکٹر سید اسد علی کو گولڈ میڈل پیش کیا اور ان کی طبی خدمات کو سراہا۔گولڈ میڈل ملنے پر ڈاکٹر شاہد نواز ملک نے ڈاکٹر سید اسد علی کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور شعبۂ طب سے وابستگی کا اعتراف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر سید اسد علی آئندہ بھی مریضوں کی خدمت اور فیملی فزیشنز کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔طبی حلقوں اور دیگر شخصیات نے بھی ڈاکٹر سید اسد علی کو اس اعزاز پر مبارک باد پیش کی اور اسے ان کی خدمات کے اعتراف کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اعزازات طبی شعبے سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور انہیں عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں